فرح گوگی کے خلاف مقدمات منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عطاتارڑ thumbnail

فرح گوگی کے خلاف مقدمات منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عطاتارڑ

ترجمان پنجاب حکومت عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فرح گوگی کےخلاف مقدمات قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

لاہور ماڈل ٹاؤن میں 31 مئی کی دوپہر پریس کانفرنس کرتےہوئےصوبائی وزیرعطااللہ تارڑ نے بتایا کہ تحریک انصاف ناکام لانگ مارچ کا دوسرا مرحلہ چند دنوں میں کرنے جارہی ہے اور پہلے جو انتشار کی کوشش کی گئی تھی اس کو ناکام بنادیا گیا۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو گرفتاری کا فوبیا ہے جس سے انہیں شدید پریشان ہوتی ہے، وکلاء تحریک میں بھی عمران خان دیوار پھلانگ کر بھاگ گئے تھےاور گرفتاری سے بچ گئے تھے۔

عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاسی جدوجہد میں لوگوں کو ناحق بھی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑتی ہیں لیکن عمران خان کہتے ہیں کہ 22 سال سیاسی جدوجہد کی لیکن وہ کبھی گرفتار نہیں ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان پنجاب اور سندھ نہیں آئے لیکن خیبرپختونخوا میں سرکاری وسائل پر تحفظ کے لئے جگہ محفوظ سمجھی، عمران خان ریڈ زون میں گرفتاری سے بچنے کےلئے واپس پشاور فرار ہوگئے اورکسی کو حق نہیں دینا کہ کوئی عوام کے جان و مال سے کھیلے۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ تحریک انصاف نے دوران حکومت 1 میگا واٹ بجلی نہیں لگائی اور معیشت تباہ کردی،عمران خان چاہتے ہیں کہ وہ اقتدار میں نہیں رہے تو ملک میں انارکی پھیلادیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ جنہوں نے امن وامان کو تباہ کیا ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں کی گئیں اور کسی افسرکےخلاف غیر قانونی کارروائی نہیں کرنے دیں گے۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت کو علم ہے کہ تحریک انصاف دوبارہ لانگ مارچ کےلئے آئے گی اور امن و امان دوبارہ زیادہ خراب ہوگا تاہم عمران خان کو دوبارہ آنے پربھی روکیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.