حج کتنے کا ہوگا؟، اخراجات کی تفصیلات جاری کردی گئیں thumbnail

حج کتنے کا ہوگا؟، اخراجات کی تفصیلات جاری کردی گئیں

حکومت نے سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات کی تفصیلات کا اعلان کردیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال حج 8 لاکھ 60 ہزار روپے فی کس ہوگا جو سال 2020ء کے مقابلے میں 3 لاکھ 9 ہزار روپے زائد ہے۔

وفاقی حکومت نے حج 2022ء کیلئے سرکاری اسکیم کے تحت اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق قربانی کے ساتھ فی کس اخراجات 8 لاکھ 60 ہزار 177 روپے جبکہ قربانی کے بغیر 8 لاکھ 14 ہزار 807 ہوں گے۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت اخراجات کی جاری تفصیلات کے مطابق رواں سال حج 2020ء کے مقابلے میں 3 لاکھ 9 ہزار 157 روپے مہنگا ہوگا، کرونا پابندیوں سے قبل حج اخراجات 5 لاکھ 51 ہزار 20 روپے تھے۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے 2020ء اور 2021ء میں محدود تعداد میں عازمین کو حج کی اجازت دی تھی، جس میں بیرون ملک سے عازمین کو حج کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

سعودی عرب نے کرونا پابندیوں کے بعد پہلی بار پاکستان سمیت دنیا بھر سے عازمین کو حج کی اجازت دی ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا حج اخراجات سے متعلق پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وزیراعظم اور کابینہ نے حج اخراجات پر ایک لاکھ 50 ہزار روپے کی سپورٹ رقم کی منظوری دیدی، سابقہ حکومت نے حج اخراجات ساڑھے 11 لاکھ روپے تک پہنچانے کی کوشش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال حج کے محدود کوٹے کی اجازت دی گئی ہے، پاکستان کا حج کوٹہ تقریباً 81 ہزار عازمین کے قریب ہے، ایکس چینج ریٹ و دیگر وجوہات سے حج اخراجات میں اضافہ ہورہا تھا، حج اخراجات میں کمی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.