۔63 اے کا فیصلہ آگیا تو پنجاب میں حکومت ختم ہو جائیگی،شیخ رشید thumbnail

۔63 اے کا فیصلہ آگیا تو پنجاب میں حکومت ختم ہو جائیگی،شیخ رشید

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ہر جگہ آج فیصلے ہونے جا رہے ہیں، 63 اے کے کیس کا فیصلہ ہوگیا تو پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ختم ہو جائے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت سے کابینہ تک نہیں بن رہی، یہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے پی ٹی آئی کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، راولپنڈی اور ہر جگہ فیصلے ہو رہے ہیں، 31مئی تک اہم فیصلے ہوجائیں گے، اب ایم کیو ایم بھی کہتی ہے الیکشن کراؤ۔

انہوں نے بتایا ہے کہ 20مئی کو ملتان جلسے میں عمران خان مارچ کی کال دیں گے، عمران خان کے خلاف جس جس نے ماسٹر پلان بنایا وہ عقل کا اندھا تھا، یہ ہماری فوج ہے اور ہم اپنی فوج کیساتھ ہیں، یہ ملک کے اہم ادارے ہیں، ان کو پاکستان کی ریڑ کی ہڈی سمجھتا ہوں۔

شیخ رشید نے امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر 200 روپے تک جا رہا ہے

پی ٹی آئی مخالف اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری نے نواز شریف سے جو بدلہ لینا تھا وہ لے لیا ہے، جس طیارے پر نواز شریف آئے گا اس میں چور اور غدار کے نعرے لگیں گے، ایف آئی اے میں ایک ہی کام ہو رہا ہے، حمزہ شہباز،فریال تالپور اور آصف زرداری کےکیسز کسی طرح سے ختم کرنے کا پلان چل رہا ہے، اس سے بڑا المیہ کیا ہوسکتا کہ ایک فرد جرم والا شخص ملک کا وزیراعظم ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ فرد جرم والے کو پاکستان کا چیف ایگزیکٹو لگا دیا جائے یہ کہاں کا قانون ہے، کیا جن پر کیسز ہوں ان سے ملک کے بڑے فیصلے کروائے جا سکتے ہیں؟ایف آئی اے مقصود چپڑاسی کا کیس ختم کرنے جارہی ہے، افسران کو ہٹا کر کرائے کے لوگ لگائے جا رہے ہیں جو عدالتوں سے کیسز واپس لے رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.