کراچی میں آج رات بارش کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں بادل برسنے کی پیش کوئی کی ہے۔
سما سے گفتگو میں ڈائریکٹر میٹ آفس سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ پیر 7 فروری کو شہر کا مطلع کبھی مکمل اور کبھی جزوی ابرآلود رہے گا۔ کراچی میں آج رات سے بادل برسنے کا امکان ہے، جب کہ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
ترجمان کے مطابق بارش کا سلسلہ کل منگل تک جاری رہے گا، بارش کے بعد شہر کے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
کراچی میں پیر کے روز کم سے کم درجہ حرارت 16.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں صبح سے شمال مغرب سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے۔
موسمیاتی حکام کے مطابق شہر میں ہلکی دھند کی وجہ سے صبح کے اوقات میں حد نگاہ 3 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔