کراچی میں آج سے تیز ہواؤں کی پیشگوئی thumbnail

کراچی میں آج سے تیز ہواؤں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آج (بدھ دو فروری) سے کراچی میں تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے بعد متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دو فروری سے 3 فروری تک شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

میٹ آفس نے تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 2 سے 3 فروری تک مغربی اور جنوبی بلوچستان اور کراچی میں شمال مغرب کی سمت سے 20 سے 30 ناٹیکل میل کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران کمزور اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، موسم گرد آلود اور سرد ہونے کا بھی امکان ہے جبکہ سمندر میں بھی تیز لہریں اٹھنے کا خدشہ ہے جس کے باعث ماہی گیروں کو بھی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ اور میونسپل کمشنر فہیم خان نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد محکمہ پارکس سمیت دیگر محکمہ جات کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور محکمہ جات کو کہا گیا ہے کہ وہ تیز ہوائیں چلنے کی صورت میں خود اپنے عملے کے ساتھ موجود رہیں۔

ڈائریکٹر اشتہارات حماد خان نے مذکورہ ہدایات کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر ایڈورٹائزر کو متنبہ کرنے کے ساتھ ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ایسے اشتہاری مواد کو ازخود ہٹالیں تاکہ نقصان کا کوئی اندیشہ باقی نہ رہے، بصورت دیگر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا تو اس کا ذمہ دار متعلقہ ایڈورٹائزر ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.